بھارت کے عظیم بلے باز اور سابق کپتان ویرات کوہلی نے 14 سالہ شاندار سفر کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ 36 سالہ اسٹار کھلاڑی کا کہنا تھا کہ بھارت کے لیے سفید جرسی پہن کر میدان میں اترنا ہمیشہ ان کے لیے فخر کا باعث رہا۔ اپنے جذباتی پیغام میں کوہلی نے اس یادگار لمحے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ 14 سال پہلے کی بات ہے جب پہلی بار سفید لباس پہن کر بھارت کی نمائندگی کی۔ میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ یہ سفر مجھے کہاں لے جائے گا۔ ٹیسٹ کرکٹ نے نہ صرف مجھے ایک بہتر کھلاڑی بلکہ ایک مکمل انسان بھی بنایا۔ اس کھیل نے مجھے سخت امتحانوں سے گزارا، میری شخصیت کو نکھارا اور زندگی کے وہ سبق سکھائے جو ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گے۔

ویرات کوہلی نے 123 ٹیسٹ میچوں میں 9230 رنز بنائے، جن میں ان کی اوسط 46.8 رہی۔ وہ بھارت کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ ان سے آگے صرف سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ اور سنیل گواسکر ہیں جن کے ساتھ ان کا نام آج مستقل طور پر تاریخ کے سنہری صفحات میں درج ہو چکا ہے۔ کوہلی کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی ٹیم محض ایک ماہ بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے والی ہے، اور مداحوں کی نظریں ایک بار پھر کوہلی کی بیٹنگ کے جادو پر لگی تھیں۔ ویرات کوہلی کا یہ الوداعی اعلان صرف ایک عہد کا خاتمہ نہیں بلکہ ٹیسٹ کرکٹ کے اس جذبے، وقار اور لگن کا اعتراف بھی ہے جس نے انہیں عالمی سطح پر ایک لیجنڈ کے طور پر شناخت دی۔
Discussion about this post