لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے تھانہ شادمان اور راحت بیکری جلاؤ گھیراؤ کیسز کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ تاریخ ساز فیصلے میں پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کو دونوں مقدمات سے بری کر دیا گیا، جبکہ دیگر کئی اہم رہنماؤں کو سخت سزائیں سنائی گئیں۔ عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی پر شادمان تھانہ، پولیس گاڑیاں اور راحت بیکری جلانے کے الزامات ثابت نہ ہو سکے، اس لیے انہیں دونوں کیسز میں باعزت بری کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب عدالت نے سابق وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق وزیرِ قانون محمود الرشید اور پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی 10 سال قید کا حکم دیا گیا۔

فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو 5، 5 سال قید کی سزا دی گئی۔ دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر 45 ملزمان کا ٹرائل ہوا، جن میں سے 25 گرفتار، 15 اشتہاری اور ایک ملزم انتقال کر چکا ہے۔ یہ مقدمات 9 مئی کے ہنگامہ خیز واقعات کے بعد درج ہوئے تھے، جن میں جلاؤ گھیراؤ، سرکاری املاک کو نقصان اور پولیس گاڑیوں کو آگ لگانے کے سنگین الزامات شامل تھے۔ فیصلے کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں کی گئی، جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔







Discussion about this post