سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ ان کی صاحبزادی، معروف معالج ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حادثہ ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ہفتے کے اختتام پر پیش آیا، جہاں ایک کار حادثے کے نتیجے میں مقامی سطح پر معروف پیڈیاٹریشن 75 سالہ ڈاکٹر فائقہ آفتاب قریشی جان کی بازی ہار گئیں۔ ورجینیا پولیس کے مطابق ڈاکٹر فائقہ کی گاڑی سڑک سے ٹکرا کر شدید حادثے کا شکار ہوئی، جس کے فوراً بعد گاڑی میں آگ لگ گئی۔ حادثے کی شدت کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جب کہ ریسکیو ٹیم کے پہنچنے تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ڈاکٹر فائقہ قریشی نے اپنی طبّی خدمات کا آغاز 1993 میں معروف بچوں کے اسپتال دی کنگز ڈاٹر اسپتال سے کیا۔ وہ نہ صرف ایک ہمدرد اور قابل معالج کے طور پر پہچانی جاتی تھیں بلکہ طویل عرصے تک اسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں میڈیکل ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فائقہ کا بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ تعلق محض پیشہ ورانہ نہیں بلکہ گہرے اعتماد اور خلوص پر مبنی تھا۔ مستقبل کے ڈاکٹروں کی تربیت اور رہنمائی میں ان کا کردار ایسا تھا جس کے اثرات برسوں تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔ دوسری جانب کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر جاری تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر فائقہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر فائقہ نہ صرف سابق ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی تھیں بلکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کی ممتاز طالبہ بھی رہیں۔ انہوں نے 1973 میں گریجویشن مکمل کی اور بعد ازاں اسی ادارے سے وابستہ رہتے ہوئے تدریسی خدمات بھی انجام دیں۔ ڈاکٹر فائقہ نور خان کا انتقال طب اور انسانیت کی خدمت کے ایک روشن باب کے اختتام کے مترادف ہے، جسے اُن کے مریض، شاگرد اور چاہنے والے ہمیشہ عقیدت سے یاد رکھیں گے۔






Discussion about this post